نواب شاہ (رپورٹ نفیس آرائیں)
ضلع شہید بینظیرآباد کی تحصیل سکرنڈ اور قاضی احمد کی 9 یونین کونسلوں میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سنٹر نواب شاہ میں افتتاحی تقریب کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن نے بچوں کو جیٹ انجیکٹر کے ذریعے پولیو ویکسین پلا کر مہم کا افتتاح کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لازمی دلوائیں۔ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کیا جائے۔ڈاکٹر جاوید قریشی کے مطابق مہم کے دوران 10 سال تک کے بچوں کو او پی وی جبکہ 4 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو ایف آئی پی وی بوسٹر ڈوز جیٹ انجیکٹر کے ذریعے دی جائے گی۔ مہم کے لیے تربیت یافتہ ٹیمیں، سوشل موبلائزرز اور سپورٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ تقریب میں اے ڈی ایچ او ڈاکٹر منصور سومرو، پولیو آفیسر علی اکبر جونیجو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔


