مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 7 مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل ہو گئی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسمبلی ہال مظفرآباد میں پولنگ کا آغاز صبح 10 بجے ہوا،خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کیلئے 6 امیدوار میدان میں آئے، مسلم لیگ ن نے 4 خواتین جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے 3 کو نامزد کیا، پیپلزپارٹی کی طرف سے شاہین کوثر ڈار نے کاغذات واپس لے لئے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلزپارٹی کی دو اور مسلم لیگ ن کی تین خواتین مخصوص نشستوں پر کامیاب ہوئیں،مریم زمان نے7 ، مریم ادریس 7 اور سحرش قمر نے بھی 7 ووٹ حاصل کیے، ٹیکنو کریٹ پر افتخار گیلانی 26 ، علماء مشائخ پر مظہر سعید نے بھی 26 ووٹ لیے۔پیپلزپارٹی کی فرزانہ یعقوب نے بھی 7 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق مریم زمان، مریم ادریس ، سحرش قمر کامیاب قرار پائیں، رفعت عابد اور زوبیہ خورشید کے ووٹ برابر ہونے پر قرعہ اندازی کی گئی جس میں زوبیہ خورشید کامیاب ہوئیں، ٹیکنو کریٹ پر افتخار گیلانی اور علماء مشائخ نشست پر مظہر سعید کامیاب قرار دیئے گئے۔
ٹیکنوکریٹس کی نشست پر پیپلزپارٹی کی طرف سے صاحبزادہ ذوالفقار علی جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے بیرسٹر افتخار گیلانی آمنے سامنے تھے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق علماء مشائخ کی نشست کیلئے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مظہر سعید جبکہ پیپلزپارٹی سے حافظ طارق محمود مد مقابل تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اوورسیز کشمیری کی نشست پر عبدالرحمان آرائیں بلا مقابلہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے، عبدالرحمان نے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، عبدالرحمان آرائیں کے مقابلے میں پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آ سکا۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 7 نشستوں پر پولنگ مکمل، ن لیگ 5 پر کامیاب

