کراچی/قیصر راجہ راجپوت
شاہراہِ نور جہاں پولیس نے عبداللہ کالج، بلاک یو نارتھ ناظم آباد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بھتہ خور گروپ کے اہم کمانڈر محمد بلال کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول، لوڈ میگزین، 10 گولیاں اور دو موبائل فون برآمد ہوئے۔ ملزم مختلف علاقوں میں بھتہ خوری، فائرنگ اور خوف و ہراس پھیلانے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔پولیس کے مطابق بلال 10 اگست کو نارتھ کراچی میں گوجابا سویٹس پر بھتہ نہ ملنے پر فائرنگ کے واقعے میں بھی ملوث تھا، جس میں ایک پولیس اہلکار اور دو راہگیر زخمی ہوئے تھے۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج تھے۔پولیس نے فرار ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردیئے ہیں، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

