راولپنڈی: یومِ آزادی پاکستان کے پرمسرت موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک دلکش اور نیا ملی نغمہ "میرا پیارا وطن پاکستان” ریلیز کر دیا گیا ہے، جو ملک بھر میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید اجاگر کر رہا ہے۔
اس خوبصورت ملی نغمے کے بول وطن عزیز سے بھرپور محبت، عقیدت اور قومی یکجہتی کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔ نغمے میں پاکستان کو جان اور زندگی قرار دیتے ہوئے اہلِ وطن کی اپنے ملک سے والہانہ محبت اور لازوال وفاداری کو انتہائی خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
اس نغمے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں گلگت بلتستان کی دلکش اور حسین وادیوں کے قدرتی مناظر کو قومی محبت کے جذبے کے ساتھ نہایت دلنشین طریقے سے جوڑا گیا ہے۔ نغمے کو اپنی جادوئی آواز سے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نامور گلوکار مجید احمر نے گایا ہے، جن کی پُرسوز آواز نے اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔
مجموعی طور پر آئی ایس پی آر کا یہ ملی نغمہ پاکستان کی بے مثال خوبصورتی، ثقافتی تنوع، قومی یکجہتی اور وطن کی محبت کے اس مقدس جذبے کا بھرپور عکاس ہے جسے عوام کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

