جیکب آباد، بیوروچیف سے
مختلف مقامات پر ایک ہی دن میں نہر نالے اور مچھلی کے تالاب میں ڈوب کر 5 کمسن بچے جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع کے مختلف علاقوں میں مچھلی کے تالاب اور نہروں میں ڈوب کر 5 کمسن بچے جاں بحق ہوگئے جس کے باعث علاقوں میں سوگ کی فضا اور گھروں میں کہرام مچ گیا، جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے نواحی علاقے جونگل کے قریب گاؤں نصیر سمیجو میں مچھلی کے تالاب میں ڈوب کر دو کمسن کزن بچیاں جاں بحق ہوگئیں، اطلاعات کے مطابق 5 سالہ عائشہ پہوڑ اور 8 سالہ سویرا پہوڑ گھر کے قریب واقع مچھلی کے تالاب کے پاس کھیل رہی تھیں کہ اچانک گہرے پانی میں جاگریں اور ڈوب گئیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر دیہاتیوں نے دونوں بچیوں کو تالاب سے بے ہوشی کی حالت میں نکال کر تعلقہ اسپتال ٹھل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد دونوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی، دونوں بچیوں کی میتیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ علاقے میں ہر آنکھ اشکبار ہوگئی، دوسری جانب جیکب آباد شہر میں بھی مختلف مقامات پر تین کمسن بچے نہروں اور نکاسی آب کے نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، مسلم کالونی کی 8 سالہ ویراں چاچڑ گھر سے دکان پر چیز لینے نکلی تھی کہ رندواہی نہر کے قریب پاؤں پھسلنے کے باعث پانی میں جاگری اور ڈوب گئی، دوسرے واقعے میں نئی واٹر سپلائی کے قریب دھیرن واہ میں 4 سالہ ابراہیم جکھرانی کھیلتے ہوئے نہر میں جاگرا، ورثاء کے مطابق بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک دھیرن واہ میں گرگیا، پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں نہروں سے نکال کر سول اسپتال منتقل کی گئیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں، اور دوسری جانب جیکب آباد میونسپل آفیس کے پاس ہی نکاسی آب کے نالے میں گر کر تین سالہ سونیا نصیرانی بھی ڈوب کر فوت ہوگئی پانچوں بچوں کی میتیں گھروں میں پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور سوگ کی فضا چھا گئی۔


