ٹنڈوالہیار رپورٹ تیمور رضا قائم خانی
ضلع ٹنڈوالہیار میں بھی 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار نور مصطفیٰ لغاری کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوالہیار بابر صالح راہپوٹہ اور اسسٹنٹ کمشنر جھنڈو مری شہزادو عمیر جروار کی قیادت میں سید مرتضیٰ شاہ ڈاڈاہی بلدیہ ہال سے پریس کلب ٹنڈوالہیار تک ایک پروقار ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ریلی میں مختیارکار ٹنڈوالہیار نیاز سیال، محکمہ پولیس، تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک، سوشل ویلفیئر، بلدیہ، اطلاعات اور دیگر مختلف سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے درج تھے ریلی شہر کے مختلف راستوں سے گزری، جہاں شرکاء نے "کشمیر بنے گا پاکستان”، "ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں” اور "بھارتی مظالم نامنظور” کے فلک شگاف نعرے لگائے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوالہیار بابر صالح راہپوٹہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کا یکطرفہ خاتمہ بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جھنڈو مری شہزادو عمیر جروار نے کہا کہ 5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ضلع ٹنڈوالہیار میں بھی بھارت کے غیرقانونی اقدامات، مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و جبر کی انتہا کر دی ہے، تاہم کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار نور مصطفیٰ لغاری کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر قومی جذبے اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے تاکہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی جا سکے ریلی کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی، شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

