نئی دہلی: برصغیر کے مقبول ترین سنگنگ ریئلٹی شو ’انڈین آئیڈل‘ نے اپنے 16ویں سیزن کے فاتح کا اعلان کر دیا ہے۔ پچھلے سیزن کی طرح اس بار بھی ٹرافی کسی مرد گلوکار کے بجائے ایک ہونہار خاتون مدمقابل کے نام رہی ہے۔
اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ گلوکارہ جیوترمائی نائک نے شاندار پرفارمنس کی بدولت انڈین آئیڈل سیزن 16 کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے جب کسی خاتون نے یہ باوقار مقابلہ جیتا ہے، جبکہ وہ اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والی پہلی فنکارہ ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
View this post on Instagram
شو جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیوترمائی نائک نے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور مستقبل میں بالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں دیپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کے لیے پلے بیک سنگنگ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
واضح رہے کہ انڈین آئیڈل کےشو پر آنے سے پہلے ہی جیوترمائی اوڈیشہ کی موسیقی کی دنیا میں ایک جانی پہچانی پہچان رکھتی ہیں۔ موسیقی کے علاوہ وہ ایک پیشہ ور ’میوزک تھراپسٹ‘ بھی ہیں اور کینسر کے مریضوں کی بحالی و علاج کے لیے اپنی اس صلاحیت کا عملی استعمال کرتی ہیں۔ وہ اس سے قبل اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر دو سو سے زائد گائیکی کی ویڈیوز اپ لوڈ کر چکی ہیں، جہاں ان کے دو لاکھ سے زائد سبسکرائبرز موجود ہیں۔
انڈین آئیڈل سیزن 16 کی فاتح بننے پر جیوترمائی نائک کو چمکتی ہوئی چیمپیئن ٹرافی کے ساتھ ساتھ 20 لاکھ روپے کا نقد انعام بھی دیا گیا ہے۔

