شیخوپورہ (اسامہ طفیل سے)
تھانہ بی ڈویژن کے علاقے میں کمسن یتیم بچے پر مبینہ تشدد اور بعد ازاں اس کے چچا پر مبینہ فائرنگ کے واقعہ پر ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ترجمان شیخوپورہ پولیس رانا محمد یونس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک کمسن یتیم بچہ مقامی جیولری شاپ پر موجود تھا، جہاں مبینہ طور پر چند افراد نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا متاثرہ خاندان کی درخواست پر بچے کا میڈیکل کرایا گیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ترجمان کے مطابق بعد ازاں اسی تنازع کے تسلسل میں مبینہ طور پر ملزمان نے بچے کے چچا پر فائرنگ بھی کی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کی ہدایت پر نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مقدمے کی مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ترجمان پولیس رانا محمد یونس کے مطابق واقعہ میں ملوث ہر ذمہ دار شخص کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

