فیروزوالا:فیروزوالا میں ایک انتہائی دلخراش اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں چھوٹے تھانیدار نے اپنی دوسری بیوی کو بے دردی سے آگ لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقامی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ سنگین واردات گزشتہ روز پیش آئی۔درندگی کا شکار ہونے والی خاتون مبینہ طور پر چھ ماہ کی حاملہ تھی۔
پولیس کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے الجلیل گارڈن میں ایک حاملہ خاتون کو اس کے شوہر نے اپنی پہلی بیوی کے ساتھ مل کر آگ لگا دی۔ آگ سے جھلس کر تحریم جاں بحق ہوگئی۔
ملزم نے بیوی کو آگ لگانے کے بعد اس لرزہ خیز جرم پر پردہ ڈالنے اور ورثاء کو گمراہ کرنے کے لیے گیس سلنڈر پھٹنے کا ڈرامہ رچایا تھا۔
مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق، 2024 میں حمزہ نے میری بیٹی تحریم سے شادی کی، جو تین بچوں کی ماں تھی۔ حمزہ کی پہلی بیوی سلمہ اکثر میری بیٹی کو مارتی پیٹتی اور آئے روز اس سے جھگڑا کرتی تھی۔
حمزہ اور اس کی پہلی بیوی سلمہ نے میری بیٹی تحریم کو آگ لگا کر بے دردی سے ناحق قتل کیا۔ میری بیٹی تحریم چھ ماہ کی حاملہ بھی تھی۔
ملزم کو اس وقت ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی پہلی بیوی کے ہمراہ علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق، گرفتار ملزم محکمہ پولیس کا حصہ ہے اور لاہور کے ایک تھانے میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) تعینات تھا۔ قانون کی حفاظت پر مامور ایک اہلکار کی جانب سے اس قدر سفاکانہ جرم نے علاقے میں شدید خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
مقامی پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعے کی مزید اور شفاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ تمام شواہد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
فیروزوالا: دوسری حاملہ بیوی کو آگ لگا کر زندہ جلا دینے والا سفاک چھوٹا تھانیدار گرفتار


