امریکہ، کناڈا اور میکسیکو کی میزبانی میں چل رہے فیفا عالمی کپ کے کئی مقابلے شدید گرمی میں کھیلے جا رہے ہیں۔ کچھ میچوں میں کھلاڑیوں اور مداحوں کو ہیٹ ویو کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یورپ میں ہیٹ ویو کے ساتھ ساتھ امریکہ کو بھی شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حالات اس قدر خراب ہیں کہ مقامی انتظامیہ کو عوام کی جان بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے پڑ رہے ہیں۔ ’نیشنل ویدر سروس‘ (این ڈبلیو ایس) کے مطابق ملک کے وسطی اور مشرقی حصوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس سے اوپر پہنچ سکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امریکہ میں اس وقت 6 کروڑ سے زیادہ افراد ہیٹ الرٹ کے دائرے میں ہیں۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں کئی شہروں میں گرمی سے متعلق برسوں پرانے ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوم آزادی (4 جولائی) کی تعطیلات تک شدید گرمی جاری رہنے کے امکانات ہیں۔

