چکوال (جلیل نقوی)
ڈی پی او چکوال کاشف ذوالفقار کی ہدایت اور ایس ڈی پی او صدر سرکل زمان خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ نیلہ حافظ شفقت امین نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چاولی میں جاری دیرینہ زمینی تنازعہ کو خوش اسلوبی سے حل کروا دیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ نیلہ کے علاقے چاولی میں عرصہ دراز سے جاری زمینی تنازعہ کے باعث فریقین کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی تھی اور کسی بڑے جھگڑے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ ایس ایچ او تھانہ نیلہ حافظ شفقت امین نے اے ایس آئی خاور شہزاد اور ٹیم کے ہمراہ متنازع جگہ کا دورہ کیا۔ ایس ایچ او حافظ شفقت امین نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاملے کی حساسیت کو سمجھا اور اپنی کوششوں سے فریقین کے درمیان مذاکرات کروائے۔ ایس ایچ او حافظ شفقت امین کی کاوشوں کے نتیجے میں دونوں فریقین باہمی رضامندی سے معاملہ حل کرنے پر آمادہ ہو گئے، جبکہ زمین کی تقسیم پر اتفاق رائے کے بعد دیرینہ تنازعہ ختم کروا دیا گیا۔اہلِ علاقہ نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاملہ بروقت حل ہونے سے ممکنہ بڑے جھگڑے سے بچاؤ ہوا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔

