پشاورانورزیب خان
صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمان کی زیرِ صدارت پشاور کے سرینا ہوٹل میں چوتھا مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکوسوشل سپورٹ کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، ترقیاتی شراکت دار اداروں، اقوامِ متحدہ کے ذیلی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور ذہنی صحت و نفسیاتی معاونت کے شعبے سے وابستہ دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبے میں جاری ایم ایچ پی ایس ایس پروگرامز پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، مختلف منصوبوں کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے ذہنی صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے، بنیادی صحت کے نظام میں ذہنی صحت کی خدمات کو مزید مربوط کرنے، کمیونٹی کی سطح پر نفسیاتی معاونت کو فروغ دینے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ ذہنی صحت مجموعی صحت کا ایک بنیادی جزو ہے اور موجودہ دور میں اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ذہنی صحت کی معیاری، بروقت اور قابلِ رسائی خدمات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ترقیاتی شراکت داروں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

