تلمبہ رانا فیصل سے
تلمبہ نئی آبادی عزیز آباد میں ہر سال کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پانچ محرم الحرام کو جلوسِ ذوالجناح انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد کیا گیا۔ اس موقع پر عزاداروں نے نوحہ خوانی اور ماتم داری کر کے امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔عزاداری کے اس پروقار سلسلے کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے مقامی انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس کے روایتی راستوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے تحت پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ اس دوران جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل رکھا گیا جبکہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا موثر انتظام کیا گیا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے جلوس کے ہمراہ طبی ٹیمیں اور ایمبولینس موجود رہیں، جس سے عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی ممکن رہی۔علاقے کے معززین اور کمیونٹی کے ذمہ داران نے جلوس کے پرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کا تعاون اور بروقت اقدامات کے باعث جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا انتہائی پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحادِ امت اور امامِ عالی مقامؑ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

