سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو) ضلع سیالکوٹ میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 18 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے اور سیکرٹری آر ٹی اے سیالکوٹ کی زیر نگرانی ٹرانسپورٹرز نے نئے نرخ نامے جاری کئے ہیں تاکہ پٹرول و ڈیزل کے ریٹس میں کمی کے بعد عوام کو ریلیف پہنچایا جا سکے۔سیکرٹری آر ٹی اے مظفر حیات نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد نئے نرخ نامے جاری کئے گئے ہیں۔ نئے کرایہ نامے کمی کے ساتھ مختلف روٹس پر چلنے والی گاڑیوں پر نمایاں طور پر آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ شہریوں سے گذارش کی گئی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت پر دفتر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میں قائم کنٹرول روم میں 0529250011 پر 24/7 رابطہ کر سکتے ہیں۔مختلف ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سیالکوٹ سے لاہور اے پی وی سروس کا کرایہ 1200 روپے سے کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ اے سی ہائی ایس سروس کا کرایہ 850 روپے سے کم ہو کر 730 روپے جبکہ اے سی بس کا کرایہ 1050 روپے سے 900 روپے کیا ہے۔ اسی طرح مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے سیالکوٹ سے راولپنڈی کا اے سی ہائی ایس کا کرایہ 1500 روپے سے کم کر کے 1300 روپے، اے سی بس کا 1700 روپے سے کم کر کے 1400 روپے مقرر کیا ہے۔ جبکہ سیالکوٹ سے وزیر آباد نان اے سی کا کرایہ 260 روپے سے کم کرکے 170 روپے مقرر کیا ہے۔ سیالکوٹ سے فیصل آباد اے سی فلائنگ کوچ کا کرایہ 1500 روپے سے کم ہو کر 1250 روپے اور نان اے سی کا کرایہ 1100 روپے سے کم ہوکر 950 روپے ہو گیا ہے۔ سیالکوٹ سے ناروال کا ہائی ایس کا کرایہ 475 روپے سے کم ہو کر 380 روپے ہو گیا۔

