صوابی (حق نواز خان)
تحصیل ٹوپی پریس کلب کا ماہانہ اجلاس پریس کلب دفتر میں صدر سید بلال شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فرخ شئیر (جنرل سیکریٹری) مولانا حق نوازخان ، محمد سعید، مبشر حسن، شہاب خان، سہیل فاروق ناز، انعام اللہ، احسان الوکیل ، محمد اسرار اور خیال محمد سمیت تمام عہدیداران اور اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں گزشتہ ماہ کی صحافتی کارکردگی، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحصیل ٹوپی پریس کلب کے دروازے تمام طبقات کے لیے کھلے ہیں اور علاقے کی ترقی، عوامی فلاح اور اجتماعی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی صحافتی جدوجہد اور روایات کو برقرار رکھا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ صحافی مظلوم عوام کی آواز بن کر ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچاتے رہیں گے۔
اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ صوابی پریس کلب رجسٹرڈ کو فوری طور پر اپنی عمارت فراہم کی جائے۔ شرکاء نے کہا کہ ضلع صوابی واحد ضلع ہے جہاں پریس کلب آج بھی اپنی مستقل عمارت اور دیگر بنیادی مراعات سے محروم ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوامی حقوق کے ساتھ ساتھ ضلع بھر کے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

