کابل :افغانستان میں سرکاری ملازمین کے سمارٹ فون استعمال کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے جس پر انہوں نے اِن کا استعمال بند کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سرکاری ملازمین کا کہنا ہے کہ بدھ کو سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے سمارٹ فونز کے خلاف حکم نامہ نافذ ہو گیا ہے۔
سمارٹ فونز پر پابندی کا خط گذشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوا تھا جس پر افغان سپریم کورٹ کا مخصوص نشان بھی موجود تھا، جس پر خبر رساں ادارے نے اس پر موقف جاننے کے لیے درخواست بھجوائی تھی، تاہم اس کا جواب نہیں دیا گیا۔
خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ’تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے سٹاف کو آگاہ کریں کہ سمارٹ فون کا استعمال سختی سے ممنوع قرار دے دیا گیا ہے اور یہ 17 جون سے نافذ ہو گیا ہے۔‘
خط میں فوجی اور سویلین محکموں کے تمام اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں چُھوٹ صرف سپریم لیڈر ہی دے سکتے ہیں۔
بدھ کی دوپہر تک مرکزی حکومت کے متعدد محکمے اپنے واٹس ایپ گروپس کے ذریعے معلومات جاری کر رہے تھے۔

