صوابی (حق نوازخان )
صوابی یونٹ عثمان بن عفان اہلسنت والجماعت گلہ ہملٹ کے زیر اہتمام چوتھی سالانہ مظلوم مدینہ کانفرنس کا انعقادکانفرس سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت والجماعت خیبرپختونخواہ کے کے جنرل سیکرٹری و قائد مانسہرہ وکیل ناموس صحابہ مولانا رب نواز طاہر صاحب نے کہا خلیفۂ سوم، خلیفۂ راشد، دامادِ رسول ﷺ اور جامعِ قرآن حضرت سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کی حیاتِ مبارکہ، طرزِ حکمرانی، ایثار و سخاوت اور خدمتِ دین کا روشن باب آج بھی امتِ مسلمہ، بالخصوص حکمرانوں اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ عبادت، حیاء، تقویٰ، صبر، شکر اور طہارت کا عملی نمونہ تھے۔ آپؓ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، محبتِ رسول ﷺ اور خدمتِ خلق کے لیے وقف کیے رکھی۔ آپؓ کا مال و دولت ہمیشہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور مسلمانوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے صرف ہوا۔رب نواز طاہر نے مزید کہا کہ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے ہر مشکل اور آزمائش کے وقت مسلمانوں کی بھرپور مدد کی۔ آپؓ نے مسلمانوں کے لیے میٹھے پانی کے کنویں وقف کیے، غزوات میں اسلحہ، سواریاں اور راشن مہیا کیا، جبکہ مسجدِ نبوی ﷺ کی توسیع کے لیے زمین خرید کر ایک بے مثال خدمت انجام دی جو آپؓ کے عظیم کردار اور بے لوث جذبۂ خدمت کی روشن مثال ہے۔

