لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عزاداروں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم کے دوران کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔
مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان
وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پنجاب میں نفرت انگیز تقاریر کی کوئی گنجائش نہیں اور مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور آئمہ مساجد پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور وہ مجالس و خطبات میں اتفاق، یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیں۔
عزاداروں کی سہولت کے لیے اقدامات
مریم نواز شریف نے گرمی کی شدت کے پیشِ نظر انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کیں:
ڈپٹی کمشنرز جلوس کے روٹس پر پینے کے ٹھنڈے پانی کی سبیلوں اور وافر انتظام کو یقینی بنائیں۔
عزاداروں کو ہیٹ ویو سے بچانے کے لیے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ اور رش کے مقامات پر پانی کی پھوار (مسٹنگ) کا انتظام کیا جائے۔
جلوس کے راستوں سے لٹکتی تاریں اور تعمیری مٹیریل فوری ہٹایا جائے، سٹریٹ لائٹس فعال کی جائیں اور کھلے مین ہولز کو فوری کور کیا جائے۔
امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس پر صفائی کے مثالی انتظامات ہوں اور آوارہ کتوں کی تلفی یقینی بنائی جائے۔
انتظامیہ اور سیکیورٹی کے لیے ہدایات
وزیر اعلیٰ نے پولیس اور انتظامی عملے کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی اہلکار عزاداروں کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور شرکائے مجالس کی شکایات کو موقع پر حل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ:
کلینک آن ویلز، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کا عملہ فیلڈ میں متحرک رہے۔
صوبائی وزراء آج ہی سے اپنی متعلقہ فیلڈ ڈیوٹی پر پہنچ جائیں۔
سیکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، انٹیلی جنس شیئرنگ اور کومبنگ آپریشن جاری رکھے جائیں۔
سول ڈیفنس کو فیلڈ میں متحرک رکھا جائے اور سیکیورٹی انتظامات کی ‘موک ایکسرسائزز’ کروا کر ویڈیوز کی صورت میں رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے انتظامات گزشتہ برس کی نسبت زیادہ بہترین اور فول پروف ہوں گے اور عوام کی سہولت کے لیے ہر شے ‘لائن حاضر’ ہونی چاہیے۔
محرم الحرام کے دوران کوئی افسر دفتر میں نہیں بیٹھے گا، مریم نواز شریف کی فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت

