کٹھمنڈو: نیپال کے وسطی ضلع کاوریپالنچوک کے علاقے بوچاکوٹ میں ایک المناک سڑک حادثے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ 16 دیگر زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافروں سے بھری ایک بس سڑک کے کنارے گہری کھائی میں جا گری، جس کے بعد فوری طور پر امدادی اور بچاؤ کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ہلاکتوں اور زخمیوں کی تفصیلات
کاوریپالنچوک کے ضلعی ہیڈ گوپال کمار ادھیکاری نے بتایا کہ حادثے میں کم از کم آٹھ مسافروں کی جان چلی گئی، جبکہ 16 زخمیوں کو ضلع کے دھولی کھیل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں میں سے پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس اہلکاروں نے مقامی افراد کے تعاون سے امدادی کارروائی انجام دی اور زخمیوں کو بحفاظت اسپتال پہنچایا۔
بس 300 میٹر گہری کھائی میں گری
اطلاعات کے مطابق یہ بس کاوریپالنچوک کے بنیپا علاقے سے سنگورے جا رہی تھی۔ جمعہ کی دوپہر ناموبدھا میونسپلٹی کے بوچاکوٹ مقام پر بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ ضلعی حکام کے مطابق بس شاہراہ سے تقریباً 300 میٹر نیچے جا گری۔ حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور متعلقہ ادارے اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

