چکوال (جلیل نقوی)
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز مہتاب خان کی نگرانی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی چکوال نے ضلع بھر کی سبزی منڈیوں، ہول سیل مارکیٹوں اور مختلف فوڈ ڈسٹری بیوٹرز کی چیکنگ کے دوران متعدد خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر ایک لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔معائنہ کے دوران خوراک کی ذخیرہ کاری، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور اشیائے خورونوش کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد کاروباری مراکز کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 200 لیٹر غیر معیاری اور ناقابلِ استعمال خوردنی تیل تلف کر دیا گیا تاکہ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ خوراک کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ضلع بھر میں چیکنگ اور نگرانی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

