نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس کے دربار ہال میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، امن و امان، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شہمیر خان بھٹو نے کہا کہ محرم الحرام صبر، برداشت اور رواداری کا درس دیتا ہے، لہٰذا تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنما ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ڈویژن میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پُرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، اسٹریٹ لائٹس، پینے کے صاف پانی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

