سکھر ( رپورٹ عبد الرحمان راجپوت )
منتخب نمائندوں کی نااہلی، خواتین خود نالیاں صاف کرنے پر مجبور۔ نیو پنڈ بھوسہ لائن میں واقع جامعہ رہبر مسجد کے اطراف گلیوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال نے علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی خواتین کا کہنا ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن اور یونین کمیٹی نمبر 8 وارڈ نمبر 4 کے چیئرمین رمضان عباسی اور کونسلر گل پٹھا ن کی مسلسل غفلت اور نااہلی کے باعث نالیاں گندگی سے بھر چکی ہیں۔علاقے کی خواتین کے مطابق کئی بار شکایات کے باوجود صفائی کا کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ خود نالیوں کی صفائی کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔ خواتین نے شکوہ کیا کہ یہ کام بلدیاتی اداروں اور متعلقہ عملے کی ذمہ داری ہے، مگر منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث شہریوں کو خود یہ کام کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نالیوں میں جمع کچرے اور گندگی کے باعث بدبو اور مچھروں کی بہتات ہو رہی ہے، جبکہ مسجد آنے جانے والے نمازیوں اور اہلِ علاقہ کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر بنیادی صفائی کے مسائل بھی حل نہ کیے جائیں تو عوام اپنے منتخب نمائندوں سے کیا توقع رکھیں؟۔

