مورو(رپورٹ محمد اسلم مغل)
مورو میں قومی عوامی تحریک کی جانب سے شہر میں بدامنی کے خلاف خان سومرو، نازاں عالمانی اور دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر خان سومرو نے کہا کہ میرے دو دکانوں سے دو بار لاکھوں روپے کی چوری ہو چکی ہے لیکن پولیس نے کچھ نہیں کیا۔ روز شہر اور آس پاس کے علاقوں میں ڈکیتیاں، چوریاں، موٹر سائیکل اور موبائل چھینے جا رہے ہیں۔ اسٹریٹ کرائم بہت بڑھ گیا ہے لیکن ہوم منسٹر کے اس حلقے میں کوئی بھی محفوظ نہیں۔ انہوں نے آئی جی پولیس سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہر اور آس پاس کے علاقوں کو جرائم پیشہ افراد سے محفوظ بنایا جائے اور لوگوں کو تحفظ دیا جائے ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔ جبکہ گزشتہ رات مورو شہر کے باندھی روڈ علاقے میں نارائن باگڑی کی دکان کے تالے توڑ کر چور 7 لاکھ کا سامان چوری کر کے لے گئے۔ اس کی رپورٹ مورو تھانے میں درج کرائی گئی ہے۔

