سکھر (رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت)سکھر اسمال ٹریڈرز اور سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے شہر میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ڈیڈیکشن بلز اور سیپکو کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کیے جانے کے بعد سیپکو کے اعلیٰ حکام نے تاجروں اور شہری نمائندوں سے مذاکرات کا آغاز کر دیا۔اس سلسلے میں سیپکو چیف آپریشن مشتاق بڑدی، چیف کمرشل اسداللہ مغل، سپرنٹنڈنٹ انجینئر عبدالحق سیال، ایکسیئن خلیل احمد چانڈیو اور سب ڈویژن آفیسر مشتاق قریشی نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر اور سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں سکھر اسمال ٹریڈرز اور سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے رہنماؤں نے شہر میں جاری طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، زائد اور ڈیڈیکشن بلنگ، بجلی کی ناقص فراہمی اور صارفین کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ تاجر رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی مسلسل بندش نے کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ شہری بھی ذہنی اذیت کا شکار ہیںاس موقع پر سیپکو حکام نے تاجروں کے تحفظات کو غور سے سنا اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے اور صارفین کو درپیش شکایات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیںحاجی محمد جاوید میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر کے تاجروں اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا جبکہ دونوں جانب سے رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
سیپکو کے اعلیٰ حکام کاتاجروں اور شہری نمائندوں سے مذاکرات کا آغاز

