کراچی:پوش علاقے ڈی ایچ اے (DHA) میں سیکورٹی کے تمام تر دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، جہاں مسلح ڈاکوؤں نے ایک اعلیٰ پولیس افسر کے گھر میں داخل ہو کر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ پیر کی شب ڈی ایچ اے فیز VIII میں پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے ایس ایس پی عرفان سمو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا نے تصدیق کی ہے کہ جس وقت ملزمان گھر میں داخل ہوئے، اس وقت ایس ایس پی عرفان سمو کے بھائی اور بھتیجے اپارٹمنٹ میں موجود تھے۔
واردات کے دوران ڈاکوؤں نے جدید اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنایا۔ ملزمان گھر سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹنے کے بعد باآسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ایس ایس پی کے بھائی کی مدعیت میں ساحل پولیس اسٹیشن میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے اہم شواہد اور ملزمان کے بارے میں کچھ ‘اہم سراغ’ ملے ہیں، جس کی بنیاد پر پولیس کو یقین ہے کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ایک اعلیٰ پولیس افسر کے گھر میں اس طرح کی بڑی واردات نے علاقے کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اب ملزمان کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر ٹیکنیکل ذرائع کا استعمال کر رہے ہیں۔
ڈی ایچ اے میں سنسنی خیز ڈکیتی: ایس ایس پی کے گھر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا گیا

