نوشہروفیروز،خیرپور(سونو کلہورو ، فیاض محسن سولنگی سے)
ہنگورجا تھانے کی رسول آباد چوکی کی حدود میں گاؤں غلام اکبر لاشاری کے قریب ایک تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار پانچ افراد کو زور دار ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔ جاں بحق افراد کا تعلق گاؤں عاقل شر سے بتایا جا رہا ہے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت قادر داد ولد سکندر شر (عمر 28 سال)، غلام رہبر ولد حاجی شر (عمر 8 سال)، علی نواز ولد قادر شر (عمر 6 سال) اور مسمات سورٹھ شر (عمر 45 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے۔جبکہ مسمات روزینہ دختر سچل شر (عمر 23 سال) شدید زخمی ہوگئی۔ زخمی اور جاں بحق افراد کو رورل ہیلتھ سینٹر ہنگورجا منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔شدید زخمی روزینہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے گمس اسپتال گمبٹ ریفر کر دیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹرالر کو اپنی تحویل میں لے لیا، تاہم ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ ،مقامی افراد کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ زیرِ تعمیر سڑک اور مناسب سگنلز و حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث پیش آیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت کا کام سست رفتاری سے ہونے کے باعث آئے روز ایسے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں جس کا متعلقہ حکام فوری نوٹس لیں۔

