بیجنگ: چین میں جاری 33 ویں ایشین جونیئر انڈیویجول اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے جسے ملک اور پاک فوج کے لیے عالمی سطح پر ایک تاریخی اور قابلِ فخر اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک آرمی سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت اسکواش کھلاڑی نعمان علی خان نے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے شیون اگروال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔
نعمان علی خان کی یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کہ گزشتہ ایشین چیمپئن شپ میں اسی بھارتی کھلاڑی نے انہیں 0-3 سے شکست دی تھی۔ تاہم اس بار پاکستانی کھلاڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ٹائٹل جیتا بلکہ اپنی پرانی شکست کا بدلہ بھی چکا دیا۔
اس کامیابی پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ کھیلوں کے حلقوں نے نعمان علی خان کی کارکردگی کو پاکستان اسکواش کے روشن مستقبل کی نوید قرار دیا ہے۔
دفاعِ وطن ہو یا کھیل کا میدان، پاک فوج ہر محاذ پر ملک کا نام روشن کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔
پاک فوج کی ایک اور جیت :ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

