اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر پاکستان اور چین کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ تاریخی موقع دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی، وسعت اور مضبوط مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے عوام کے لیے بے حد احترام اور محبت کے جذبات رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں اور یہ تعلقات “ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری” میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے ترقی، اختراع اور غربت کے خاتمے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جو ترقی پذیر ممالک کے لیے قابل تقلید ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان “ایک چین” کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتا ہے اور سی پیک نے ملک میں بنیادی ڈھانچے، توانائی اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، خلائی تحقیق اور ثقافتی تبادلوں تک وسعت اختیار کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔

