جھڈو (رپورٹ /قیصر راجہ راجپوت) جھڈو شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی معطل ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں اور پانی کے حصول کے لیے دربدرپھرنے پر مجبور ہیں۔بھٹی محلہ، غلام حسین کالونی اور کھوسہ کالونی سمیت کئی علاقوں میں کئی روز سے پانی کی فراہمی نہ ہونے کے باعث گھریلو نظام زندگی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ پانی کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں جبکہ شہریوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی کی عدم فراہمی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری نوٹس لے کر پانی کی سپلائی بحال کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
جھڈو شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا شہری شدید مشکلات کا شکار

