اسلام آباد(محمدشبیرسے))ضلعی صدر مسلم لیگ ن فراز عارف نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول جاری ہوتے ہی پارٹی ٹکٹوں کا بھی فوری اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حلقہ ایک کوٹلہ میں سیاسی انتقامی کارروائیوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا اور مسلم لیگ ن کے تقریبا 80 فیصد کارکنان کو مختلف طریقوں سے زیرِ عتاب رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار میں تعمیر و ترقی کے نام پر صرف دعوے کیے گئے جبکہ عملی طور پر عوام کو کچھ نہ مل سکا، اسی لیے وہ جلد ایک تفصیلی وائٹ پیپر جاری کریں گے جس میں تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔فراز عارف نے کہا کہ حلقہ کوٹلہ کے عوام اب خود فیصلہ کریں گے اور ایک طرح کا عوامی ریفرنڈم ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقہ کی اہم شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کی نذر ہو چکی ہیں، جس کے باعث لوگوں کی جان و مال شدید خطرات سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز پرانے ریٹس پر جاری کیے گئے جس سے عوامی مفادات کو نقصان پہنچا۔ مسلم لیگ ن ہی وہ جماعت ہے جو بڑے منصوبوں کو عملی طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر یقین نہیں رکھتے، تاہم اگر الیکشن شیڈول کے بعد انتخابی مہم میں سرکاری گاڑیوں یا حکومتی وسائل کا استعمال کیا گیا تو اس حوالے سے تمام شواہد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں فراز عارف نے کہا کہ انشا اللہ حلقہ کوٹلہ کا ٹکٹ محترمہ نورین عارف کو دیا جائے گا اور کارکنان اس فیصلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
حلقہ ایک کوٹلہ میں سیاسی انتقامی کارروائیوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا: فراز عارف

