سکھر ( رپورٹ/عبد الرحمان راجپوت)
میئر آفس میں آج ریٹائرڈ ملازمین اور اُن کے اہل خانہ میں انکیشمنٹ اور گریجویٹی کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ چیکس کی تقسیم میونسپل کمشنر پیر واحد بخش، یوسی چیئرمین احسان لاشاری، سینئر ایڈوائزر ٹو میئر عابد علی انصاری، اور خاتون رکن کونسل میڈم عذرا جمال نے مشترکہ طور پر کی۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین کی بلدیاتی ادارے کیلئے انجام دی جانے والی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ملازمین اپنی پوری زندگی ادارے اور عوام کی خدمت کیلئے وقف رکھتے ہیں، جن کی محنت، دیانتداری اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ ملازمت کے اختتام کا نام ضرور ہے مگر عزت، تجربہ اور خدمات کا سفر ہمیشہ جاری رہتا ہے۔ ادارہ اپنے ریٹائرڈ ملازمین کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کے حقوق کی بروقت ادائیگی کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، سکون، خوشحالی اور عزت والی زندگی عطا فرمائے اور وہ اپنی آئندہ زندگی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ خوشیوں اور اطمینان سے گزاریں۔ تقریب کے دوران ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ نے چیکس کی فراہمی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میئر آفس اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

