چارسدہ : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے ضلع چارسدہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ممتاز عالم دین شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس شہید کی قل خوانی میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے قل خوانی کی تقریب میں شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی اور سوگوار خاندان، پسماندگان اور ان کے ہزاروں تلامذہ (شاگردوں) سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ وقت گزارا اور غم کی اس گھڑی میں حکومتِ خیبرپختونخوا کی جانب سے مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔
تعزیتی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی کا کہنا تھا کہ مولانا محمد ادریس کی شہادت صرف ایک فرد کا نقصان نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا:”ہم لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہید کے پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ مولانا کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔”
وزیراعلیٰ نے شہید عالمِ دین کی دینی اور علمی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا محمد ادریس شہید نے اپنی تمام تر زندگی قرآن و سنت کی تعلیمات کی ترویج اور اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی علمی خدمات اور معاشرے کی اصلاح کے لیے کی گئی کوششیں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی شیخ محمد ادریس شہید کی قل خوانی میں شرکت

