کیپ ٹاؤن :عالمی ادارۂ صحت نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ بحرِ اوقیانوس میں سفر کرنے والے ایک کروز جہاز پر مبینہ ’ہانٹا وائرس‘ کے پھیلاؤ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کی حکومت کے مطابق تین شدید بیمار مریض جہاز سے کیپ ٹاؤن لائے گئے جہاں ان کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق ایک کیس کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ مزید پانچ مشتبہ کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔
ہانٹا وائرس کیا ہے اور یہ کیسے پھیلتا ہے؟
عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ ایک نایاب لیکن انتہائی خطرناک وائرس ہے۔
ذریعہ: یہ وائرس زیادہ تر چوہوں اور کترنے والے دیگر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔
منتقلی کا طریقہ: متاثرہ چوہوں کے پیشاب، پاخانے یا لعاب کے ذرات جب گرد بن کر ہوا میں شامل ہوتے ہیں، تو سانس کے ذریعے انسانی پھیپھڑوں میں داخل ہو کر انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔
ہانٹا وائرس کی علامات
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ہانٹا وائرس کی علامات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ متاثرہ فرد کو بخار، سر درد، پٹھوں میں درد، شدید تھکن اور متلی یا الٹی کی شکایت ہو سکتی ہے تاہم اس کے شدید ہونے کی صورت میں یہ وائرس پھیپھڑوں کو متاثر کر سکتا ہے جس کی وجہ سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
ادارے کے مطابق اس وائرس کے شکار افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری، کھانسی، سینے میں جکڑن جیسے خطرناک مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ادارے کے مطابق اس وائرس کا کوئی مخصوص علاج یا ویکسین موجود نہیں تاہم علامات کو دیکھتے ہوئے اس مرض پر دیگر ادویات کی مدد سے قابو پانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
احتیاطی تدابیر
چوہوں کا خاتمہ: اپنے گھروں، گوداموں اور باورچی خانوں سے چوہوں کو فوری طور پر ختم کریں۔
صفائی کا طریقہ: صفائی کے دوران ماسک اور دستانے لازمی پہنیں۔ کبھی بھی خشک جھاڑو نہ دیں بلکہ گیلے کپڑے سے صفائی کریں تاکہ دھول مٹی نہ اڑے اور وائرس سانس کے ذریعے اندر نہ جائے۔
خوراک کی حفاظت: کھانے پینے کی تمام اشیاء کو ہمیشہ بند ڈبوں میں رکھیں۔
فوری طبی امداد: اگر آپ چوہوں والی جگہ پر رہے ہیں اور اس کے بعد بخار یا سانس لینے میں تکلیف محسوس ہو، تو اسے نظر انداز نہ کریں اور فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
آگاہی ہی آپ کی سب سے بڑی ڈھال ہے۔ اپنے اردگرد صفائی رکھیں اور اس مہلک وائرس سے خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھیں۔۔
کروز جہاز پر ہانٹا وائرس کا قہر، 3 ہلاک؛ بیماری لاعلاج، گھر میں موجود چوہے آپ کی جان لے سکتے ہیں؟

