اسلام آباد: گھر ہو گا اپنا،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کا اجرا کر دیا ۔گھر کی تعمیر کے لیے انتہائی آسان شرائط پر بیس سال کی مدت کے لیے ایک کروڑ روپے تک رقم فراہم کی جائے گی ۔
اسلام آباد میں ہونے والی خصوصی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کا اجرا کیا ۔ملک میں ایک کروڑ گھروں کی تعمیر کے اس منصوبے کے تحت پہلے سال پچاس ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے نجی بینکوں کےتعاون سے تین سو اکیس ارب روپے فراہم کیے جائیں گے ۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نےملک کے غریب و متوسط طبقے کو اپنی چھت کے حصول کے لئے ’’ وزیراعظم اپنا گھر سکیم ‘‘کا باقاعدہ اجراء کر دیا. اس ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے… pic.twitter.com/TU29zKfVWn
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) April 30, 2026
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح ہمارا مشن ہے ۔ ماضی میں بھی عوامی خدمت کے منصوبے مکمل کیے ۔ فلاحی کاموں کی پاداش میں ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا ۔اپنا گھر پروگرام کو بھی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھانا ہے ۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ بطو ر وزیر اعلیٰ پنجاب آشیانہ سکیم کا منصوبہ شروع کیا جسے بہت پذیرائی ملی ۔ اپنا گھر پروگرام بھی اسی کا تسلسل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہاؤسنگ کے شعبے کی ترقی سے صنعتی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں ۔مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایکسپورٹرز کی سرکاری سطح پر پذیرائی کی گئی ۔ ہاؤسنگ کے شعبے میں بھی بینکوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔
ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ کمزور اور متوسط طبقے کو اپنی چھت کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں عملی اقدامات کرتے ہوئے اپنا گھر پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔
تقریب میں وزیراعظم نے سکیم کے تحت کامیاب درخواست دہندگان میں چیک تقسیم کیے ۔ اپنا گھر پروگرام ملک میں ایک کروڑ گھروں کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے ۔

