ٹینیسی :تاریخی بحری جہاز ٹائٹینک کے ڈوبنے کے دوران زندہ بچ جانے والے ایک شخص کی پہنی ہوئی لائف جیکٹ نیلامی میں حیران کن چھ لاکھ 70 ہزار پاؤنڈ (ساڑھے 25 کروڑ پاکستانی روپوں )میں فروخت ہو گئی۔
یہ جیکٹ فرسٹ کلاس مسافر لورا میبل فرانکاٹیلی نے لائف بوٹ نمبر ایک میں استعمال کی تھی۔
اس پر دیگر آٹھ زندہ بچ جانے والوں کے دستخط بھی موجود ہیں، جن میں فائر مین چارلس ہینڈرکسن، جارج ٹیلر اور ایبل سی مین جیمز ہورسول شامل ہیں۔
اسی نیلامی میں ایک امیر تاجر کی گھڑی، جو جہاز ڈوبنے کے دوران مارا گیا تھا، ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوئی جبکہ ایک لائف بوٹ کا سیٹ کشن، جس پر اصل وائٹ سٹار برجی پلیٹ لگی ہوئی تھی تین لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ میں بکا۔
یہ کشن امریکہ میں ٹینیسی کے شہر پیجن فورج اور مسوری کے شہر برینسن میں قائم ٹائٹینک میوزیم اٹریکشن نے خریدا، جہاں اسے نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
ہفتے کو ولٹ شائر کے علاقے ڈیویزیز میں ہینری الریڈج اینڈ سن میں ہونے والی نیلامی میں مجموعی طور پر 344 اشیا پیش کی گئیں اور حتمی قیمتوں میں خریدار کا پریمیم بھی شامل تھا۔
ٹائٹینک کے زندہ بچ جانے والے شخص کی لائف جیکٹ پونے 25 کروڑ میں نیلام

