ریاض / اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سے عازمینِ حج کی پہلی پرواز 18 اپریل کو سعودی عرب کے لیے اڑان بھرے گی۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے پر ن لیگ سعودی عرب کے عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امسال حج انتظامات کو "تاریخی اور مثالی” قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستانی عازمین کے لیے ایک بڑی سہولت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر کے لیے ‘حرمین ہائی اسپیڈ ریل’ (بلٹ ٹرین) کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف سفر کا طویل دورانیہ چند گھنٹوں تک سمٹ جائے گا بلکہ بوڑھے اور علیل عازمین کو بسوں کے تھکا دینے والے سفر سے بھی نجات ملے گی۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے بھرپور تعاون سے اس بار عازمین کے لیے رہائش، معیاری کھانے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو پہلے سے زیادہ جدید بنایا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات (مشاعر مقدسہ) میں بھی قیام و طعام کے ایسے انتظامات کیے گئے ہیں کہ حجاج کرام یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں۔
تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے اور معاشی اتار چڑھاؤ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ”حکومتِ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ حج کے اخراجات میں اضافے کا بوجھ حجاجِ کرام پر نہیں ڈالا جائے گا۔ ہم سعودی حکام کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ پاکستانی عازمین کو کم سے کم خرچ میں بہترین سہولیات میسر آئیں۔”
سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کا عملہ چوبیس گھنٹے متحرک ہے تاکہ حج آپریشن 2026 کو مکمل کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔
لبیک اللہم لبیک:حج 2026 کا شیڈول جاری: پہلی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی؛ پاکستانی عازمین کے لیے ‘بلٹ ٹرین’ کی سہولت

