اسلام آباد :حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور تباہ کن بم گرا دیا، ایل پی جی کی سرکاری قیمت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ، اوگرا نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپریل کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 78.28 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 304 روپے 12 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔
اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 923 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا ہے اور 11.8کلو گھریلو سلنڈر کی قیمت 3588.59 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب سینئر صحافی منیب فاروق کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک اور جمپ آنے والا ہے، یہ بات حکومت نے اپنے سٹیک ہولڈرز کو بتا بھی دی ہے ۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت سے کئی مطالبات کردیے ہیں جس کے تحت اگلے مالی سال ٹیکس ہدف میں 16سو ارب روپے سے زائد اضافے کی تجویز دے دی ہے۔ آئی ایم ایف نے پیٹرول سمیت ایندھن پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا مطالبہ کیا ہے، اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہے، اسی طرح آئی ایم ایف نے سولر صارفین پر بھی 18 فیصد ٹیکس عائد کرنے پر زور دیا ہے اور نئے گھروں پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے

