تل ابیب+واشنگٹن+ریاض+دبئی+تہران:ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے العرابی الجدید کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای ’صحتمند ہیں‘ اور ’صورت حال پر مکمل طور پر قابو رکھتے ہیں۔‘
خیال رہے ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجبتہ خامنہ ای 8 مارچ کو اپنی تقرری کے بعد اب تک منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں۔ ان کا پہلا خطاب 12 مارچ کو سرکاری ٹی وی کے ایک میزبان نے پڑھ کر سنایا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ایران ’جنگ کے خاتمے کے لیے ہر منصفانہ علاقائی کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ’امریکی جہازوں اور امریکی اتحادیوں کے علاوہ سب کے لیے کھلی ہے۔‘
ایرانی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ’ابھی تک جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی خاص کوشش ہمارے سامنے نہیں ہے۔‘
اسرائیل کے لئے جاسوسی، مخبری کا الزام، شمالی ایران میں 20 افراد گرفتار
ایران کے شہر عرمیہ میں 20 افراد کے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ان پر الزام ہے کہ یہ فوج، پولیس اور سکیورٹی مقامات کی معلومات اسرائیل کو بھیج رہے تھے۔
پاسداران انقلاب سے منسلک نیوز ایجنسی تسنیم نے استغاثہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے لیے کام کرنے والے متعدد نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا اور ایک عدالتی حکم کے بعد 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر قتل کریں گے، پاسداران انقلاب
پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
ایران کی نیم سرکاری مہر نیوز ایجنسی نے پاسداران انقلاب کا یہ بیان رپورٹ کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کو ’ڈھونڈ کر قتل کرنے‘ کی کوشش جاری رکھیں گے۔
پاسداران انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس کے حملوں کی 52 ویں لہر کے دوران خطے میں تین امریکی فوجی اڈے اور اسرائیل میں اہداف تباہ کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ وہ لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیم حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو بدستور نشانہ بنا رہا ہے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق، سنیچر کے روز اس نے لبنان کے علاقے القطرانی میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے راکٹ حملے کیے جاتے تھے۔
آئی ڈی ایف نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کی رضوان فورس سے منسلک کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا۔
خلیجی ممالک کی جانب سے ایران کے درجنوں ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ رات بھر اس نے اپنی فضائی حدود میں ایران کے 26 ڈرون مار گرائے۔ زیادہ تر دارالحکومت ریاض اور ملک کے مشرقی علاقوں کے قریب تھے۔
متحدہ عرب امارات نے اپنے مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 11 بجے اعلان کیا کہ اس کا دفاعی نظام ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کا جواب دے رہا ہے۔
اس سے پہلے سنیچر کے روز ڈرون حملے کے بعد فجیرہ کی بندرگاہ پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اس مشرقی ساحل پر تیل درآمد کرنے والا بڑا ٹرمینل واقع ہے۔
بحرین نے تقریباً اسی وقت اعلان اپنی شہریوں سے کہا کہ وہ فوری طور پر قریبی پناہ گاہوں کا رخ کریں۔
عمان میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث امریکا نے غیر ہنگامی نوعیت کی خدمات انجام دینے والے عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔
کویت نے اعلان کیا کہ اس کی نیشنل گارڈ نے 24 گھنٹوں میں ایران کے پانچ ڈرون مار گرائے۔
قطر نے سنیچر کی رات دیر گئے ایک تازہ اپ ڈیٹ میں تفصیل بتائی کہ دن بھر ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا۔
ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کی نئی لہر
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی طرف میزائل داغے ہیں۔
فوج کے مطابق دفاعی نظام فعال ہو چکے ہیں اور حملوں کو روک رہے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں موجود شہریوں کے موبائل فونز پر پیغامات بھی بھیج دیے گئے ہیں۔
بیان میں عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں میں چلے جائیں اور اگلی ہدایات تک وہیں رہیں۔
پاسداران انقلاب سے منسلک ایرانی نیوز ایجنسی فارس کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل حملوں کی ایک نئی لہر کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ لبنان میں موجود مسلح گروہ حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے شمالی علاقوں کی طرف میزائل یا ڈرون حملے کیے ہیں

