لاہور : صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاک-افغان سرحد پر فتنہءِ خوارج کی جانب سے کی جانے والی بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، مگر ایسی کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔انہوں نے پاک فوج کی جانب سے خوارج اور ان کے ہینڈلرز کو فی الفور اور مہلک جوابی وار پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کے بہادر سپوت ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور دشمن کو اس کے ناپاک عزائم سمیت نیست و نابود کرنا جانتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کی گیدڑ بھپکیاں دینے والے مئی 2025 کو یاد رکھیں۔ پاکستان ایک امن پسند مگر غیرت مند ملک ہے جو اپنے دفاع سے ہرگز غافل نہیں۔ ہم اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں اور دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا بھی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوارج، ان کے آباو اجداد اور اقرباء نے پہلے بھی دھول چاٹی اور اب بھی دھول ہی چاٹیں گے۔ پاک فوج کا جوابی قہر خوارج اور ان کے ہینڈلرز کی نسلوں کو بھی یاد رہے گا۔ دشمن عناصر یہ جان لیں کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔صوبائی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ہر حال، ہر وقت اور ہر طرح سے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ بیانئے کی جنگ ہو یا میدان کی جنگ، فتح پاکستان کو ہی نصیب ہوگی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان دشمن قوتوں کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاک فوج کا جوابی قہر خوارج کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی، دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: عظمیٰ بخاری صوبائی وزیرِ اطلاعات

