راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل کے سابق سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم اور دیگر ذمہ داران کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان نے تھانہ صدر بیرونی کی اڈیالہ پولیس چوکی پر مقدمہ درج کرنے کے لیے تحریری درخواست جمع کروا دی ہے۔
درخواست میں عائد کیے گئے سنگین الزامات
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید کے دوران سابق سپرنٹنڈنٹ اور دیگر عملے نے دانستہ طور پر بانی پی ٹی آئی کو ذہنی اور جسمانی اذیت کا نشانہ بنایا۔ بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل حکام کی غفلت یا دانستہ اقدامات کی وجہ سے ان کی آنکھ متاثر ہوئی، جس کے لیے انہیں طبی امداد کی فراہمی میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
درخواست کے مطابق عمران خان کو طویل عرصے تک قیدِ تنہائی میں رکھا گیا اور ان کی ملاقاتوں پر غیر قانونی پابندی عائد کی گئی، جو کہ انسانی حقوق اور جیل مینوئل کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ جیل عملے پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے عدالتی احکامات کے باوجود مناسب طبی معائنہ اور ضروری سہولیات فراہم کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔



