اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے نواحی علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد خدیجۃ الکبریٰ (امام بارگاہ) میں ہونے والے ایک بزدلانہ خودکش حملے میں اب تک 31 افراد کی شہادت اور 169 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔
عالمی برادری کا ردِعمل
اس المناک واقعے پر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور عالمی طاقتوں نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے:
افغانستان و ایران: افغانستان کی وزارتِ خارجہ اور ایرانی سفیر نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مساجد کی حرمت پامال کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔
چین ،امریکا و برطانیہ: چینی سفارتخانے نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے ۔امریکی سفارت خانے اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے واقعے کو ‘قابلِ نفرت’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملہ ناقابلِ قبول ہے اور وہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یورپی یونین و دیگر ممالک: یورپی یونین، آذربائیجان، فرانس اور نیدرلینڈز نے بھی دہشت گردی کی اس کارروائی کی مذمت کی اور سوگوار خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسلام آباد دھماکہ: افغانستان ایران امریکا سمیت متعدد ممالک کی مذمت، پاکستان سے اظہار یکجہتی

