لاہور:انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر عثمان انور کو تبدیل کرکے راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا گیا ۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو تبدیل کر دیا گیا ہے، ڈاکٹر عثمان انور کو ہٹائے جانے کے بعد راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔
راؤ عبدالکریم کو آئی جی پنجاب پولیس لگانے کے لیے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد راؤعبدالکریم کو آئی جی پنجاب پولیس تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن رات گئے جاری کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اہم انتظامی تبدیلیوں پر غور کیا جا رہا ہے جس کے تحت موجودہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ڈی جی ایف آئی اے یا سیکرٹری داخلہ لگائے جانے کا بھی امکان ہے۔
عثمان انور کے پاس ایف آئی اے میں کام کرنے کا وسیع تجربہ موجود ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عثمان انور کو جنوری 2023 میں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال کے نام بھی آئی جی پنجاب کی دوڑ میں شامل تھے۔
راؤعبدالکریم خان کون ہیں؟
ایڈیشنل آئی جی راو عبدالکریم کا تعلق پنجاب پولیس کے 24 ویں کامن سے ہے، انہوں نے 1996 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس کو جوائن گیا۔

