لاہور : سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین (Timothy Kane) نے اسمبلی چیمبر میں اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارتکاری اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مبرانِ اسمبلی راجہ شوکت بھٹی، امجد علی جاوید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں جنہیں پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ملکوں کے پارلیمانی اداروں کے درمیان رابطہ کاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں کمیٹیوں کے فعال کردار کی بدولت عوامی مفاد میں شفاف اور مضبوط قانون سازی ممکن ہو رہی ہے۔
سپیکر نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کو پنجاب کی معاشی صلاحیتوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع دست یاب ہیں جیسا کہ لائیو سٹاک (Livestock)کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلاب لایا جا سکتا ہے۔مائننگ (Mining)کے حوالے سے معدنیات کی تلاش اور نکالنے کے عمل میں آسٹریلوی تجربہ کار کمپنیاں تعاون کر سکتی ہیں۔ پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی مقامات عالمی سیاحوں کے لیے پرکشش ہیں۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے پاکستان کے جمہوری نظام اور پارلیمانی اداروں کے استحکام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
آسٹریلیا صحت اور تعلیم کےشعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں وفود کے تبادلوں اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر کی سپیکرپنجاب اسمبلی سے ملاقات، سرمایہ کاری اور پارلیمانی تعاون پر اتفاق

