اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے سینیئر رہنما اور ممتاز قانون دان سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کے حوالے سے ایک نیا "پنڈورا باکس” کھول دیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ محمود خان اچکزئی کی اس عہدے پر تقرری کے پیچھے براہِ راست نواز شریف کا ہاتھ ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ کے مطابق، محمود خان اچکزئی نے نواز شریف سے براہِ راست رابطہ کیا تھا، جس کے بعد نواز شریف نے اپنے "اندر کا غصہ” نکالنے کے لیے اچکزئی کے نام کا نوٹیفیکیشن کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام محض ایک سیاسی تقرری نہیں بلکہ آنے والے دنوں میں ایک وسیع تر ‘میثاقِ جمہوریت’ کی بنیاد بن سکتا ہے۔
کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جے یو آئی نے خود بھی محمود خان اچکزئی کی تقرری کا مطالبہ کیا تھا اور وہ انہیں اپنا بھی اپوزیشن لیڈر تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہوا، اسی طرح سینیٹ میں بھی فوری طور پر اپوزیشن لیڈر مقرر کیا جائے۔

