راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور غیر معمولی اہمیت کا حامل صوبہ ہے. بھارتی حمایت یافتہ عناصر صوبے میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں جنہیں ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 18ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ورکشاپ میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور صوبے کی اسٹریٹجک اہمیت پر غور کیا گیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی استقامت اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ملک کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔
#ISPR
Rawalpindi, 31 December, 2025Field Marshal Syed Asim Munir, NI (M), HJ, #COAS & CDF, #Pakistan, interacted with the participants of the 18th National Workshop on #Balochistan at General Headquarters (GHQ). The workshop focused on exploring Balochistan’s socio-economic… pic.twitter.com/OuRCO620e5
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) December 31, 2025
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے صوبے کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنانے اور اس کے وسیع معاشی امکانات کو بروئے کار لانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور منفی پروپیگنڈے کے توڑ میں ان کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ذاتی اور محدود سیاسی مفادات کو مسترد کرنا ضروری ہے تاکہ بلوچستان کے عوام کے لیے پائیدار مستقبل، ترقی اور خوشحالی پر استوار ہو سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی براہِ راست یا بالواسطہ خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔
اس ملاقات کے اختتام پر سوال و جواب کا تفصیلی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ورکشاپ کے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔

