لاہور:لاہور میں الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 کے نتیجے سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیرِاعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار دے دیا ہے۔
ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کر دی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا، تاہم ٹربیونل نے دلائل سننے کے بعد ان کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
خیال رہے کہ فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے 130 لاہور سے نواز شریف 1,71,024 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، جبکہ پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد نے 1,15,043 ووٹ حاصل کیے تھے۔ بعد ازاں ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
یاسمین راشد اس وقت جیل میں ہیں اور انھیں نو مئی سمیت متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔
پاکستان کے تین بار کے سابق نواز شریف نے گذشتہ انتخابات میں مانسہرہ سے بھی قومی اسمبلی کے حلقے سے انتخابات میں حصہ لیا تھا مگر وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔ نواز شریف اس وقت قومی سیاست میں زیادہ متحرک نظر نہیں آتے۔
لاہور سے نواز شریف کی انتخابی جیت کے خلاف یاسمین راشد کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج

