کراچی :سٹی کورٹ کراچی میں گزشتہ روز پیشی کے دوران یوٹیوبر رجب بٹ پر تشدد کے واقعے کے بعد ایک درجن سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یادرہے رجب بٹ پر کراچی سٹی کورٹ کے احاطے میں بعض وکیلوں نے اس وقت تشدد کیا جب وہ مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کے لیے پیش ہوئے تھے۔ بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے ایکس پر بیان میں کہا تھا کہ عدالت کے احاطے میں ان پر جان لیوا حملہ کیا گیا۔
اس واقعے کا مقدمہ بعد ازاں رجب بٹ کے وکیل میاں اشفاق کی درخواست پر درج کیا گیا۔ایف آئی آر میں ایڈووکیٹ ریاض علی سولنگی، ایڈووکیٹ عبدالفتاح اور 15 سے 20 دیگر وکیلوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ ریاض علی سولنگی ہی رجب بٹ کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں درج مقدمے کے مدعی ہیں۔
مدعی کا کہنا تھا کہ جب وہ ویسٹ بلڈنگ کے قریب اندرونی احاطے میں پہنچے تو ریاض علی سولنگی، عبدالفتاح اور 15 سے 20 دیگر وکلا نے ان کے مؤکل پر حملہ کر دیا اور اسے مارنا شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔میاں اشفاق کے مطابق حملہ آوروں نے انہیں اور ان کے دفتر کے دیگر وکلا کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

