اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یکم جنوری سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیاں داخل نہیں ہوسکیں گی، وزیر داخلہ کے احکامات پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں شروع کی جائیں گی۔اتوار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے تمام ایم ٹیگ پوائنٹس پر پراسسنگ تیز کرنے کی ہدایت کی ہے،شہر بھر میں ایم ٹیگ کے لیے مختلف مقامات پر 16 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ 14 نومبر سے اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ کے قریب گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے گئے ہیں، بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی ٹیگ ریڈرز کی مدد سے نشاندہی کی جائے گی، ٹیگ ریڈرز کو مختلف انٹری پوائنٹس اور ناکہ جات پر انسٹال کیا گیا ہے۔عرفان میمن نے کہا کہ یکم جنوری سے ٹیگ ریڈرز فعال ہوتے ہی بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں شروع ہو جائیں گی،شہری کسی بھی قانونی مشکل سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑی کو ایم ٹیگ لگوائیں۔

