لاہور:لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے عدالت عالیہ میں جمع کرائی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب پراپرٹی آرنرشپ ایکٹ سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تنقیدی اور عوامی بیانات توہینِ عدالت کے زمرے میں آتے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق پراپرٹی قانون کی معطلی سے متعلق دیے گئے بیانات سے عدلیہ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیانات کے ذریعے عدالت کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، جبکہ عدالتی حکم کو لینڈ مافیا کے حق میں قرار دینا ایک سنگین الزام ہے، جو عدالتی وقار کے منافی ہے۔
مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سیاسی رنگ دینا غیر قانونی عمل ہے اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات سے عدالتی عمل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور ان کے خلاف توہینِ عدالت کی باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ عدالتی وقار اور قانون کی بالادستی کے تحفظ کے لیے اس معاملے پر فوری کارروائی کی جائے۔

