اسلام آباد :پاکستان کی وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل نے کہا ہے کہ پاکستان اٹلی سے 10 ہزار 500 نوکریوں کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
وزارت کے ترجمان کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ اٹلی کی جانب سے پاکستان کو آئندہ تین سال کے لیے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کیا گیا۔
’اگلے تین برس تک 3500 پاکستانی ہر سال سیزنل اور نان سیزنل کوٹہ پر اٹلی روزگار کے لیے جائیں گے۔‘بیان میں بتایا گیا کہ ’1500 پاکستانی سیزنل کوٹہ جبکہ دو ہزار نان سیزنل کوٹہ پر ہر سال اٹلی جائیں گے۔ پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپٹیلی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں نوکریوں کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔‘
وزارت اوورسیز کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے لیے ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ، نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ، کاشت کاری کے شعبوں میں روزگار کے مواقعے موجود ہیں۔‘
انہوں نے کہا مزید کہا کہ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کے لیے نوکریوں میں کوٹہ الاٹ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان اور اٹلی کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں ہو گا۔‘
وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز نے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ’اٹلی کا پاکستان کے لیے نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنا پاکستان کے لیے یورپین لیبر مارکیٹ میں روزگار کے نئے مواقعوں کی تلاش میں اہم سنگِ میل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ جلد یورپ کے مزید ممالک کے دروازے پاکستانی ورک فورس کیے لیے کھلیں گے۔‘
یورپ کے دروازے پاکستانیوں پر ملازمت کے لئے کھل گئے ، ہزاروں نوکریوں کا کوٹہ الاٹ

